Live Updates

اسرائیل کی حالیہ اشتعال انگیز اور جارحانہ کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، مولانا عبدالواسع

جمعہ 13 جون 2025 22:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) صوبائی امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان سینٹر مولانا عبدالواسع نے اسرائیل کی حالیہ اشتعال انگیز اور جارحانہ کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی عسکری یا سیاسی جارحیت، نہ صرف بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کے چارٹر، اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عالم اسلام کے اجتماعی شعور، خودمختاری اور سلامتی پر براہِ راست حملہ ہے۔

ایران ایک خودمختار ریاست ہے جو اپنے دفاع کے لیے ہر قانونی، اخلاقی اور شرعی حق رکھتا ہے۔ حالیہ تنا میں ایران نے جس تدبر، بصیرت اور حکمتِ عملی سے جواب دیا، وہ ایک ذمے دار ریاست کا ثبوت ہے جو نہ صرف اپنے قومی وقار کا محافظ ہے بلکہ ملتِ اسلامیہ کی غیرت کا ترجمان بھی۔

(جاری ہے)

جمعیت علما اسلام اس نازک مرحلے پر ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یہ اعلان کرتی ہے کہ اسرائیل کی صہیونی سوچ، جارحانہ عزائم، اور فلسطین، شام، لبنان اور اب ایران کے خلاف جاری سلسلہ ظلم عالمِ اسلام کے صبر و سکوت کو آزما رہا ہے۔

اسرائیلی ریاست عالمی امن کے لیے ایک ناسور بن چکی ہے جو مسلسل مشرقِ وسطی کو عدم استحکام سے دوچار رکھے ہوئے ہے۔ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ایران پر حملہ درحقیقت امت مسلمہ کے قلب پر حملہ ہے۔ یہ مسئلہ محض دو ممالک کا تنازعہ نہیں، بلکہ یہ تہذیبوں، نظریات اور مقاصد کی جنگ ہے۔ اسرائیل کا اصل ہدف خطے میں اسلامی مزاحمتی قوتوں کو کمزور کرنا اور اپنی غاصبانہ پالیسیوں کو مستحکم بنانا ہے۔

ایسے میں ایران کا جرات مندانہ دفاع قابلِ فخر اور لائقِ تقلید ہے۔جمعیت علما اسلام عالمی ضمیر، اسلامی ممالک کی قیادت، اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اسرائیل کی کھلی جارحیت، ظلم اور جنگی جنون پر لگام دیں اور ایران سمیت تمام مسلم ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں۔

صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ ہماری جماعت سمجھتی ہے کہ اس وقت امت مسلمہ کو ایک نئے عزم، وحدتِ صف، اور حکیمانہ قیادت کی ضرورت ہے۔ ایران نے مزاحمت، وقار، اور حوصلے کی جو علامت قائم کی ہے، وہ ان تمام مسلم ممالک کے لیے نمونہ ہے جو صہیونی طاقتوں کے ظلم کے خلاف صرف مذمتی بیانات تک محدود ہیں۔ جمعیت علما اسلام بلوچستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت کو اپنے دینی، سیاسی اور نظریاتی فریضے کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ایران کے دفاع اور امتِ مسلمہ کی حرمت کے لیے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ایران کو ظالم قوتوں کے شر سے محفوظ رکھے، اور ملت اسلامیہ کو اتحاد، عزم اور حکمت عطا فرمائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات