ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے ریٹائرڈ ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام

جمعہ 13 جون 2025 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے ریٹائرڈ ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن نے اکرم ستار کو 40 سالہ خدمات پر اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ اکرم ستار نے مفاد سے بالاتر ہوکر ادارہ کی بہتری کے لئے غیرجانبدارانہ خدمات پیش کیں، ان کی مسلسل انتھک محنت و کاوشوں کے باعث ادارہ کے لئے عوام میں موجود بداعتمادی کی فضا سے باہر نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے نہ صرف کے ڈی اے افسران و ملازمین کے ساتھ بلکہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گہرے مراسم قائم رکھے اور ہمیشہ اپنا بھرپور تعاون و رہنمائی جاری رکھی۔

(جاری ہے)

بلاشبہ اکرم ستار کے ریٹائرڈ ہونے سے شعبہ تعلقات عامہ میں موجود خلا کو پر کرنے میں وقت درکار ہوگا۔ دوسری طرف اکرم ستار نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے الطاف گوہر میمن اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا الوداعی تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کو کبھی بھی ضرورت پیش آئی تو میری خدمات حاضر ہوں گی۔میں ادارہ سے وابستہ خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے جارہا ہوں، ہمیشہ کوشش کی کہ ادارہ کی مجروح ساکھ بحال کرنے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کروں، حاضر سروس کے دوران ادارہ کے لئے ایمانداری اور خلوص نیت سے خدمات پیش کی ہیں۔

میں تمام کے ڈی اے افسران و ملازمین سمیت ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن کا مشکور ہوں جنہوں نے میری ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں ممبر ای/ ڈائریکٹر فنانس شکیل صدیقی، سیکریٹری کے ڈی اے ارشد خان، سینئر ڈائریکٹر ٹی ای بی کمال احمد صدیقی، ڈائریکٹر ایڈمن انجینئرنگ سلمان شرافت، ایڈیشنل ڈائریکٹر ریکوری محمد زبیر، پرسنل اسٹاف آفیسر ریاض احمد راشد، فنانشل ایڈوائزر سہیل باسط، جمیل احمد و دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :