پی سی بی نے ورلڈ چیمپئنز لیگ کے ساتھ تمام تعلقات ختم کردیئے، آئندہ کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی کا اعلان

اتوار 3 اگست 2025 11:40

پی سی بی نے ورلڈ چیمپئنز لیگ کے ساتھ تمام تعلقات ختم کردیئے، آئندہ کھلاڑیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں مستقبل میں کسی بھی قسم کی شرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ پی سی بی کے 79 ویں بورڈ آف گورنرز اجلاس میں کیا گیا جو چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ورچوئلی منعقد ہوا۔ پی سی بی نے اپنے اعلامیے میں ڈبلیو سی ایل کے اس عمل پر سخت مایوسی کا اظہار کیا جس میں جان بوجھ کر میچ نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دیے گئے اور پاکستان بمقابلہ بھارت لیجنڈز میچز کی منسوخی کا اعلان ایسے الفاظ میں کیا گیا جو منافقت اور جانبداری پر مبنی تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کھیل کے میدان کو سیاسی مقاصد اور تجارتی مفادات کے تابع کرنا قابلِ مذمت ہے۔ "کھیل کے ذریعے امن" کا نعرہ صرف مخصوص مواقع پر استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں کھیل کو سیاسی ہتھکنڈوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے واضح کیا کہ وہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کا اصولی موقف رکھتا ہے اور ہمیشہ اس بات کا حامی رہا ہے کہ کرکٹ خیرسگالی، احترام اور صحت مند مقابلے کا ذریعہ ہونی چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق لیجنڈز پر مشتمل ٹورنامنٹ کو سیاسی جذبات کے زیرِ اثر چلانا نہایت افسوسناک اور کھیل کی روح کے منافی ہے۔پی سی بی نے ڈبلیو سی ایل کی جانب سے دی گئی "معذرت" کو دکھاوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اعتراف سے واضح ہوتا ہے کہ میچ کی منسوخی کرکٹ کی بنیاد پر نہیں، بلکہ مخصوص قومی بیانیے کو خوش کرنے کے لیے کی گئی۔اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے سخت موقف اپناتے ہوئے ڈبلیو سی ایل کے ساتھ آئندہ کسی بھی قسم کی شرکت کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی ایونٹ کا حصہ نہیں بنے گا جہاں غیرجانبداری، منصفانہ کھیل اور اسکی اصل روح کو سیاسی دبائو کے تحت پامال کیا جائے۔اجلاس میں سمیر احمد سید، سلمان نصیر سمیت دیگر شریک ہوئے۔