Live Updates

ط*پاکستان ریلویز کے اشتراک سے "پیپلز ٹرین" چلانے کا فیصلہ کیا ہے، سرفراز بگٹی

جمعہ 13 جون 2025 21:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) حکومت بلوچستان نے عوامی سہولت اور جدید سفری نظام کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان ریلویز کے اشتراک سے "پیپلز ٹرین" چلانے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں منعقد ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، پرنسیپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر، سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات خان، ڈائریکٹر اسپورٹس یاسر خان بازئی ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ خان بادینی ، ڈی ایس ریلوے کوئٹہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز ٹرین ابتدائی طور پر کوئٹہ کے نواحی علاقوں سریاب اور کچلاک کے درمیان چلائی جائے گی جس کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولیات فراہم کرنا ہے منصوبے کے تحت پاکستان ریلویز کے موجودہ پانچ پرانے ریلوے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ دو نئے اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ریلوے ٹریک کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کر کے ٹرین کی رفتار اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان ریلویز اور محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کو منصوبے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اجلاس میں پاکستان ریلوے کے فٹبال گراونڈ کی فعالیت کا فیصلہ بھی کیا گیا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پیپلز ٹرین سروس سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ گرد و نواح کے شہریوں کو روزانہ کی آمد و رفت میں آسانی، وقت کی بچت اور آرام دہ سفر میسر آئے گا انہوں نے اس منصوبے کو "عوامی سہولت، سستی ٹرانسپورٹ اور جدید سفری نظام کے خواب کی تعبیر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے شہریوں کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول یقینی بنایا جائے گا وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت بلوچستان ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عوام دوست اور دیرپا منصوبے لا رہی ہے اور پیپلز ٹرین سروس ترقی کی جانب پہلا قدم ہے، جس کے بعد دیگر منصوبوں پر بھی جلد عملی پیش رفت کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ریلوے فٹ بال گراونڈ کو محکمہ اسپورٹس بلوچستان فعال کرے گا جہاں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات