سعودی عرب، قدیم سکے فروخت کرنے کی کوشش کرنے والا شہری گرفتار

آثار قدیمہ قانون کے مطابق کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت نہیں ،ثقافتی کمیشن

ہفتہ 14 جون 2025 16:34

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)مدینہ منورہ میں قدیم و نادر سکے سوشل میڈیا پر فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ثقافی کمیشن کو اطلاع ملی تھی کہ ایک سعودی شہری سوشل میڈیا پر قدیم سکوں کو فروخت کر رہا ہے جس پر کمیشن کی ٹیموں نے ملزم کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

ثقافتی کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ آثار قدیمہ قانون کے مطابق کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ این او سی کے بغیر کسی بھی نوعیت کی قدیم اشیا کو فروخت کرے۔

قانون شکنی کے مرتکب ہونے والے شہری کے خلاف تحفظِ نوادرات کے قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے اسے متعلقہ عدالت کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔ثقافتی کمیشن کا کہنا تھاکہ آئندہ بھی اگر کسی کو قدیم اشیا فروخت کیے جانے کے حوالے سے معلومات حاصل ہوں تو وہ اس کی اطلاع بلاغ اثری ایپ یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ٹول فری نمبر 911 پر دے سکتا ہے۔