Live Updates

استور ،محکمہ سیاحت و محکمہ خزانہ کی جانب سے قومی ہیروز،کوہ پیماؤں کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 14 جون 2025 17:00

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) محکمہ سیاحت اور محکمہ خزانہ گلگت بلتستان کی جانب سے حال ہی میں دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والے قومی ہیروز، معروف کوہ پیماؤں سرباز خان، واجداللہ نگری اور ساجد علی سدپارہ کی عظیم کامیابیوں کے اعتراف میں چیف سیکریٹری آفس گلگت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، سیکریٹری سیاحت ضمیر عباس، سیکریٹری خزانہ عزیز احمد جمالی، سیکریٹری نجیب عالم، ڈائریکٹر ٹورزم اینڈ کلچر اقبال حسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے قومی ہیروز نے اپنی مدد آپ کے تحت دنیا کی عظیم چوٹیاں سر کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا، جو کہ انتہائی قابل فخر اور لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کوہ پیماؤں کی مکمل معاونت کے لیے پرعزم ہے تاکہ مستقبل میں نوجوانوں کو اس شعبے میں مزید مواقع میسر آئیں۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں کوہ پیمائی کا بے پناہ جذبہ اور صلاحیت موجود ہے۔

غیر ملکی کوہ پیماؤں کے ہمراہ بلند پہاڑوں پر جانے والے مقامی پوٹرز بھی درحقیقت ماہر کوہ پیما ہیں، تاہم مناسب سرپرستی نہ ہونے کے باعث وہ پوٹر ہی کہلاتے ہیں۔ انہوں نے سیکریٹری سیاحت کو ہدایت کی کہ کوہ پیماؤں کی ایسوسی ایشن کی جلد از جلد رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی تربیت اور سرپرستی کے منظم اقدامات کیے جا سکیں۔سیکریٹری سیاحت ضمیر عباس نے کہا کہ تقریب کا مقصد قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو سراہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوہ پیماؤں کی ذاتی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ نوجوان نسل کو اس شعبے کی جانب راغب کیا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شامل متعدد چوٹیاں بغیر اضافی آکسیجن کے سر کرنے والے پہلے پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے حکومت گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتی سرپرستی جاری رہی تو مستقبل میں مزید نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے واجد اللہ نگری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ گلگت بلتستان کے قدرتی ماحول کا خاص خیال رکھیں۔تقریب کے اختتام پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے قومی کوہ پیماؤں کو اعزازی سوینئرز اور تعریفی اسناد پیش کیں۔\378
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات