وزیرِاعلیٰ پنجاب کی جانب سےعیدالاضحیٰ پرصفائی کے غیرمعمولی اقدامات پرڈویژن کے 10 ہزار ورکرز کے لیے انعام کا اعلان

ہفتہ 14 جون 2025 17:39

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) عیدالاضحیٰ صفائی مہم کےحوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سرگودہا ڈویژن کے 10 ہزار ورکرز کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ صفائی انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، چیف ایگزیکٹو آفیسرزویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں عید کے موقع پر صفائی کے غیر معمولی اقدامات اور ورک فورس کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایس ڈبلیو ایم سی سرگودہا ڈویژن کے دس ہزار صفائی ورکرز کو عید کے تینوں دنوں میں شاندار خدمات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے فی کس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ انعامات تحصیل سطح پر منعقدہ پروقار تقریبات میں تقسیم کیے جائیں گے جن میں مقامی ارکانِ اسمبلی اور انتظامی افسران شرکت کریں گے۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے صفائی کے میدان میں متحرک اداروں بالخصوص سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل ٹیموں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈویڑن بھر میں صفائی کے مثالی انتظامات مثالی انتظامات کو برقرار رکھا جائے۔ اجلاس میں مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی کابھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ناقص کارکردگی کے حامل تحصیل منیجرز کی فوری تبدیلی کے احکامات جاری کیے گئے۔

کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مانیٹرنگ نظام کو موثر بنانے کے لیے فیلڈ افسران کو سرکاری گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے، جس سے فیلڈ کوریج اور رسپانس بہتر ہو گا۔ اجلاس میں ایس ڈبلیو ایم سی کی جانب سے ہر دو یونین کونسلزمیں سپروائزتعینات کرنے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد صفائی کے معیار میں بہتری اور شہریوں کی براہ راست شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈی سلٹنگ کے کام کو مزید تیز کیا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز ذاتی طور پر صفائی مہم کی نگرانی کریں تاکہ کسی بھی غفلت کی فوری نشاندہی اور اصلاح ممکن ہو۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کے حامل مانیٹرنگ افسران کی فہرست طلب کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کااعلان بھی کیا۔