Live Updates

ایران پر اسرائیل کے بلا جواز حملے کی مذمت کرتے ہیں،معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس، عالمی قوتیں کردار ادا کریں، عبدالعلیم خان

ہفتہ 14 جون 2025 17:41

ایران پر اسرائیل کے بلا جواز حملے کی مذمت کرتے ہیں،معصوم جانوں کے ضیاع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے بلا جواز اور وحشیانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں جو درحقیقت ایران کی خود مختاری پر کھلا حملہ اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس سے خطے میں امن کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایران کی حمایت میں کہا کہ پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ہر پاکستانی ایران کے دکھ اور پریشانی میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع اور ایرانی املاک کو نقصان انتہائی افسوسناک امر ہے اور اسرائیل کی بربریت اور یکطرفہ کارروائی لائق تشویش ہے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ایسی مذموم حرکتوں سے غزہ اور فلسطین پر اسرائیلی مظالم سے ہرگز توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی لہذا عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اسرائیل کو خطے میں حالات کشیدہ کرنے اور نئی جنگ جاری رکھنے سے روکیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات