Live Updates

لمز یونیورسٹی نے وزارت منصوبہ بندی کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل لانچ کر دیا

ہفتہ 14 جون 2025 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء)لمز یونیورسٹی نے وزارت منصوبہ بندی کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل لانچ کر دیا۔ لمز اور وزارت منصوبہ بندی کے اشتراک سے اسلام آباد میں پاکستان اوپن ڈیٹا کانفرنس 2025 کاانعقاد کیا گیاجس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے پہلے نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے نیشنل سینٹر فار بگ ڈیٹا اینڈ کلاؤڈ کمپیوٹنگ (این سی بی سی) اور لمز کی ٹیم کو اس پلیٹ فارم کے قیام پر سراہا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ این سی بی سی کے قیام کے سفر میں شامل رہے، جو پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) اور مشین لرننگ کے شعبے میں مقامی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے مزیدکہا کہ نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا آغاز ایک اور بڑا سنگ میل ہے، جو پالیسی سازوں، محققین اور عوام کو اہم شعبوں میں موجود منظم ڈیٹا تک رسائی دے گاجس سے بہتر فیصلے، نئی تحقیق اور ڈیٹا پر مبنی مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا افتتاح ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ڈاکٹر نوید ارشد، ڈائریکٹر این سی بی سی نے اس پورٹل کو تحقیق کے شعبہ اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے ایک بڑی سرمایہ کاری قرار دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پورٹل پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں صحت، تعلیم، معیشت، ماحول، آبادی اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق حکومتی ڈیٹا عام عوام، محققین اور پالیسی سازوں کے لیے دستیاب ہوگا۔کانفرنس میں نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا اور اس موضوع پر ایک پینل گفتگو بھی ہوئی، جس میں مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی اور ڈیٹا کے ذریعے بہترطرز حکمرانی، معیشت اور سماجی ترقی کے موضوعات پر گفتگو کی۔تقریب میں شریک ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں ڈیجیٹل گورننس کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات