Live Updates

ایف بی آرکی کارروائی، اسلام آبادمیں دو بے نامی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی گئیں

ہفتہ 14 جون 2025 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء)کمشنریٹ برائے انسداد بے نامی اقدام اسلام آباد نے پہلی باربے نامی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ ایف بی آرکے مطابق ضبط کی جانے والی دونوں جائیدادیں پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (PECHS) اسلام آباد میں واقع ہیں۔ بے نامی لین دین (Prohibition) ایکٹ 2017 کے تحت ضبط کئے گئے پلاٹس حکومت پاکستان کے نام منتقل کر دیے گئے ہیں۔

مذکورہ جائیدادوں کی ممکنہ بے نامی ملکیت کی نشاندہی پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔تفتیش کے دوران مبینہ بے نامی دار خاتون نے بتایا کہ اس کا قومی شناختی کارڈ ان پلاٹوں کی رجسٹریشن کے لیے غلط طو ر پر استعمال کیا گیا ہے۔ایف بی آرکے مطابق مکمل تحقیقات اور بے نامی عدالتی اتھارٹی بینچ-1 اسلام آباد کے حکم پر تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جائیدادیں ضبط کی گئیں۔

(جاری ہے)

بے نامی جائیدادوں کی ضبطی حکومت کی بے نامی اثاثوں کے خلاف جاری سخت کارروائیوں سے ہم آہنگ ہے۔ اب تک شیئرز، بینک اکاؤنٹس، گاڑیوں، زمینوں اور عمارتوں پر مشتمل بے نامی اثاثہ جات کے 187 سے زائد مقدمات دائر کئے جا چکے ہیں۔بے نامی پلاٹوں کی ضبطی حکومت کی بے نامی لین دین کے خاتمے اور غیر دستاویزی معاشی سرگرمیوں پر قابو پانے کی مہم میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات