Live Updates

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت

ہفتہ 14 جون 2025 21:26

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے کھلی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے ۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے اقوام عالم کو یاد دلایا کہ کسی ملک کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ کرنا کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی ہے جو کسی بھی ملک کی خود مختاری کو تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چارٹر تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے احترام پر زور دیتا ہے اور اس خلاف ورزی پر اسرائیل کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے بمباری کر کے اس وقت تک 80 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کو شہید اور ان کی املاک کو تباہ کیا ہے اور ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کو برباد کر کے رکھ دیا ہے ، اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے اور وہ اپنی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کے امن کو برباد کرنے پر تلا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ایران پر کیا جانے والا حملہ کسی بھی طور مناسب اقدام نہیں ہے کیونکہ ایران ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اور اسے اپنی سالمیت کے دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور ایران کو تحفظ فراہم کرے ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات