Live Updates

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس مظفرآباد کے زیراہتمام کھلی کچہری کا انعقاد ، شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے

بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام جو کہ غریب اورنادارعوام کے لیے ہے اس میں کسی بھی مستحق شخص کو پیسے نہیں مل رہے، شاکیان کی شکایت

ہفتہ 14 جون 2025 22:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس مظفرآبا د کے زیراہتمام ضلع حویلی میں کھلی کچہری کا انعقاد ، شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس مظفرآباد کے زیر اہتمام حویلی کہوٹہ میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے وفاقی اداروں ،پی ٹی اے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،پاکستان بیت المال و دیگر اداروں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے ۔

اس موقع پر شاکیان نے شکایت کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جو کہ غریب اور نادار عوام کے لیے ہے اس میں کسی بھی مستحق شخص کو پیسے نہیں مل رہے، ضلع حویلی میں سروس کے حوالہ سے ایک ہی کمپنی ایس سی او موبائل سروس فراہم کر رہی ہے جو باالکل ناقص ہے ، نیشنل بینک کا اے ٹی ایم خراب ہونے کے ساتھ ساتھ بینک بھی خستہ حال ہے اور سٹاف بھی بہت کم ہے جس سے عوام کو اپنی رقوم نکلوانے میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے شہری پورا پورا دن خوار ہونے کے بعد شام کو بغیر پیسے نکلوائے گھر چلے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر بھی خستہ حال ہے جہاں نہ بیٹھنے کی جگہ ہے اور نہ ہی کوئی دوسری سہولت میسر ہے بلکہ خواتین دن بھر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کے باہر روڈ پر بیٹھی رہتی ہیں ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا عملہ بھی ضرورت مند خواتین کو بہتر آگاہی نہیں کرتا جس سے مستحق خواتین اس پروگرام سے محروم ہو جاتی ہیں ۔

شاکیان نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم کی ادائیگی کے وقت بہت تذلیل کی جاتی ہے عورتوں کو سڑک پہ بٹھایا جاتا ہے اور ایسے بے شمار لوگ جن کی شکایات حویلی کہوٹہ دفتر کے متعلقہ ہیں دفتر والے بھی ان کو ٹھیک طریقے سے گائیڈ نہیں کرتے ۔ علاوہ ازیںشاکیان نے کہا کہ ضلع حویلی میں اے ٹی ایم مشین نہ ہے ، بینک میں سٹاف بھی انتہائی کم ہے اور نہ ہی کوئی دوسرا بینک ہے جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات بہت زیادہ ہیں ، جس پر ریجنل ہیڈ آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے فوراً کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نیشنل بینک کے ریجنل ہیڈ کو احکامات صادر کیے کہ فوراً حویلی میں نئی اے ٹی ایم مشین نصب کی جائے جس پر نیشنل بینک کے ریجنل ہیڈ نے یقین دہانی کروائی کہ 15ایام کے اندر حویلی میں نئی اے ٹی ایم مشین نصب کر دی جائے گی جبکہ بینک میںنئے سٹاف کی بھرتی کے لیے بھی فائل ورک شروع کر نے کی یقین دہانی کروائی گئی علاوہ ازیں ضلع حویلی میںنیشنل بینک کے علاوہ کسی دوسرے بینک کے قیام کے حوالہ سے شکایات بھی رجسٹرڈ کر لی گئی ۔

تمام شکایات کو سنتے ہوئے وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے سینکڑوں شکایات کا موقع پر ازالہ کیا جبکہ کئی شکایات کو رجسٹرڈ کر لیا گیا ، وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈمنصور قادر ڈار نے کہا کہ تمام شکایتوں کا ازالہ 60دن کے اندر کیا جائے گا ضلع حویلی واقعہ ہی پسماندہ شہر ہے ادارے تو موجود ہیں لیکن شہریوں کو بہتر طریقے سے آگاہی نہیں کی جا رہی جس پر تمام وفاقی اداروں کے انچارج صاحبان کو پابند کیا گیا کہ وہ شہریوں کی مشکلات میں کمی کے لیے بہترین آگاہی ڈیسک قائم کریں تا کہ شہریوں کو معلومات کے حصول میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

منصور قادر ڈار نے کہا کہ ضلع حویلی میں موبائل سروس کا واقع ہی مسئلہ ہے ایس سی او حکام سے معاملہ اٹھایا جا کر حویلی میں موبائل نیٹ ورک سروس کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ اعجازاحمد قریشی کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہترین انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے وفاقی اداروں کے خلاف کی جانے والی ہرشکایت کا فیصلہ 60دن کے اندر مختصر ترین عرصے میں میرٹ پر کیا جاتا ہے اور اس پراسس کی کوئی فیس نہیں ہوتی آزادکشمیر کے عوام کو بلامعاوضہ ریلیف فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام بلا معاوضہ اور بغیر وکیل وفاقی اداروں جیسا کہ پی ٹی اے ، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاسپورٹ آفس، جی پی او ، نیشنل سیونگ سینٹرز، پاکستان بیت المال ، پوسٹل لائف انشورنس، سٹیٹ لائف انشورنس، واپڈا جیسے اداروں کے خلاف شکایات آن لائن بھی درج کروا سکتے ہیں جبکہ دفتر میں آکر تحریری طور پر درخواست کی صورت میں بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر شکایات کنندان نے وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمدقریشی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آزادکشمیر کے عوام کی وفاقی اداروں تک رسائی کے لیے آزادکشمیر میں وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر کا قیام عمل میں لایا ۔ وفاقی محتسب کے ریجنل آفس کے قیام سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی ۔ شکایات کنندان نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مظفرآباد میں قیام کے بعد عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوئی ہیں جو کہ لائق تحسین ہیں ۔

بعد ازاں ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے وفاقی اداروں نادرا،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پوسٹ آفس،نیشنل بینک ودیگر کا دورہ بھی کیااور انچارج صاحبان کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے جس پر اداروں کے سربراہان نے یقین دہانی کروائی کہ عوام کے مسائل میں کمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور شکایات کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات