Live Updates

دفاع وطن، اسرائیل مردہ باد اور سندھ امن ملین مارچ پروگرام فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نفرت کا اظہار ہوگا ، علامہ راشد محمود سومرو

ہفتہ 14 جون 2025 20:50

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 15 جون کو حیدرآباد کے قاسم آباد میں ایک عظیم الشان دفاع وطن، اسرائیل مردہ باد اور سندھ امن ملین مارچ سے تاریخی خطاب کریں گے،یہ بات جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے ایک اہم بیان میں کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نفرت کا اظہار ہوگا بلکہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈاکو راج، قبائلی جھگڑوں اور حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر عوامی ردعمل بھی ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مارچ سندھ کی دھرتی سے ظلم، دہشت گردی، اور ڈاکو راج کے خاتمے کا اعلان ثابت ہوگا۔ مزید کہا کہ جے یو آئی سندھ نے دوسرے مرحلے میں تین کروڑ روپے کی اشیاء خوردونوش ، پانی ادویات اور دیگر سامان غزہ پہنچایا گیا انہوں نے سندھ کے غیور عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی، دینی اور ملی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے بھرپور شرکت کریں۔

(جاری ہے)

جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بیداری مارچ کو بھرپور کوریج دے کر مظلوم فلسطینیوں اور بے بس عوام کے لیے آواز بلند کریں۔

دوسری جانب جے یو آئی کے مرکزی سالار عبدالرزاق عابد لاکھو اور صوبائی سالار سلیم سندھی نے سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جب کہ جے یو آئی ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا تاج محمد ناہیوں، جنرل سیکریٹری خالد حسین دہامرہ اور دیگر ضلعی و تحصیل سطح کے قائدین نے انتظامی امور مکمل کر لیے ہیں۔ ادھر جے یو آئی حیدرآباد کے متحرک ترجمان محمد اعظم جھانگیری نے صحافی برادری سے ملاقات کرتے ہوئے تمام میڈیا ہاؤسز سے گزارش کی ہے کہ وہ اس تاریخی موقع کی مؤثر اور بھرپور کوریج کریں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات