Live Updates

بھارت کو فیٹف میں بھی ناکامی کا سامنا، سفارتی محاذ پرپاکستان کی ایک اور شاندار کامیابی

ہفتہ 14 جون 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) بھارت کو آئی ایم ایف میں پاکستان کے خلاف مہم میں ناکامی کے بعد اب فیٹف (FATF)میں بھی سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ پاکستان عالمی اعتماد کے ساتھ کامیابی کی راہ پر ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کے سفارتی وفد کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو فیٹف کے اجلاس میں ایک بار پھر گرے لسٹ میں شامل کرایا جائے تاہم اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کے بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فیٹف فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح موقف اختیار کیا اور ریلیف کی حمایت کی۔ اسی طرح ترکیہ اور چاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔

پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ پیش پیش رہی اور اس نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے نئی دہلی میں ایک ڈس انفو لیب بھی قائم کی ہے جس کا مقصد پاکستان کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنا ہے۔اس ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک گئے اور ہر جگہ پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی ۔

دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی۔بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا، تاہم ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک نے بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا۔ بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔ ہندوتوا اور صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہیں۔ یہ پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور شاندار کامیابی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات