سرگودھا میں گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری روڈ کو ماڈل بازار بنانے کے اقدامات شروع کر دیئے گئے

اتوار 15 جون 2025 11:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)سرگودھا میں گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری روڈ کو ماڈل بازار بنانے کے اقدامات شروع کر دیئے گئے،زرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پراجیکٹ کے تحت شہر میں گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری روڈ کو ماڈل بازار بنانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہے۔جس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، دکانوں کے سامنے یکساں فساڈ، بیوٹیفکیشن، بجلی، ٹیلی فون اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کی تاروں کو انڈر گرانڈ کرنے اور دیگر تعمیراتی کام کروائے جائیں گے۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے اس حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ یہ منصوبہ وفاقی، صوبائی اور لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے باہمی اشتراک سے مکمل ہو گا۔ انہوں نے فیسکو، پی ٹی سی ایل اور سوئی گیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ انڈر گرانڈ انفراسٹرکچر کے لیے جامع منصوبہ بندی اور لاگت کا تخمینہ فوری طور پر تیار کریں تاکہ منصوبے پر بروقت عملدرآمد ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کی تھری ڈی ویڈیو پیش کی گئی جس میں مجوزہ علاقے کی خوبصورتی اور سہولیات کی جھلک دکھائی گئی تھی۔ اجلاس میں منصوبے کے ٹی او آرز طے کیے گئے اور ایک مربوط کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد شہر کے مرکزی علاقے کو رول ماڈل کے طور پر ڈویلپ کرنا ہے تاکہ مستقبل میں دیگر شہری علاقوں کو بھی اسی طرز پر ماڈل اور خوبصورت بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں۔