Live Updates

بعد از حج پروازیں جاری ،مزید 4,995 حجاج آج پاکستان پہنچیں گے

اتوار 15 جون 2025 16:40

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) مجموعی طور پر 11,418 حجاج کرام پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید 4,995 عازمین 20 پروازوں کے ذریعے آج (اتوار )مقدس سفر کی ادائیگی کے بعد پاکستان پہنچیں گے۔تفصیلات کا اشتراک کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے اے پی پی کو بتایا کہ کل پروازوں میں سے چھ اسلام آباد اور لاہور، چار کراچی، تین ملتان اور ایک کوئٹہ میں اترے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی آٹھ، سعودی ایئر لائن کی پانچ، ایئر بلیو کی چار، ایئر سیال کی دو اور سیرین ایئر کی ایک پروازحجاج کرام کو پاکستان واپس لائیں گی۔محمد عمر بٹ نے کہا کہ عالمی فضائی ٹریفک میں رکاوٹ کے باوجود پاکستان کا بعد از حج فلائٹ آپریشن خوش اسلوبی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حجاج کو مشورہ دیا کہ وہ آسانی سے واپسی کو یقینی بنانے کے لیے خاص طور پر نظم و ضبط اور ہوائی اڈے کے پروٹوکول کے لحاظ سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ عازمین کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کا سامان ان کے ہوائی ٹکٹوں پر بیان کردہ وزن کی حد کے اندر رہے۔انہوں نے کہا کہ شدید رش کی وجہ سے عازمین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی طے شدہ پروازوں سے 6 سے 8 گھنٹے قبل سعودی ہوائی اڈے پر پہنچ جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات