’اپنی مردہ معیشت بے شک ڈبو دو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا‘ ٹرمپ نے 7 بھارتی کمپنیوں پر پابندی لگا دی

ایران سے تیل کی خفیہ تجارت کرنے والی کمپنیوں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں، ان سرگرمیوں میں سہولت کاری کرنے والی دنیا بھر کی 20 کمپنیوں پر سخت اقتصادی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں؛ امریکی محکمہ خارجہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 جولائی 2025 10:59

’اپنی مردہ معیشت بے شک ڈبو دو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا‘ ٹرمپ نے 7 بھارتی ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے تیل کی خفیہ تجارت کرنے والی بھارت میں قائم 7 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام پھیلانے اور اپنے عوام کے استحصال کے لیے استعمال کر رہا ہے، ان سرگرمیوں میں سہولت کاری کرنے والی دنیا بھر کی 20 کمپنیوں پر سخت اقتصادی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں جن میں سے 7 کمپنیاں بھارت میں قائم ہیں، ان کمپنیوں کے علاوہ 10 بحری جہازوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جو ایرانی پیٹرولیم اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی نقل و حمل میں ملوث پائے گئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے، دونوں اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ نیچے لے کر جا رہے ہیں، ہم نے ہندوستان کے ساتھ بہت کم کاروبار کیا ہے کیوں کہ ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں بلکہ یہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں، اسی طرح روس اور امریکہ مل کر تقریباً کوئی کاروبار نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

trump 1
علاوہ ازیں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان بھی کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمارا دوست رہا ہے لیکن ہم نے ان کے ساتھ نسبتاً کم کاروبار کیا ہے کیوں کہ ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں اور ان کی طرف سے کسی بھی ملک کی سب سے زیادہ سخت اور ناگوار غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں عائد کی گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ بھارت نے ہمیشہ اپنے فوجی ساز و سامان کی ایک بڑی اکثریت روس سے خریدی ہے، صرف یہی نہیں بلکہ چین کے ساتھ ساتھ انڈیا بھی روس سے توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے، ایک ایسے وقت میں جب ہر کوئی چاہتا ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت کو روک دے تو اس صورتحال میں یہ سب کچھ اچھا نہیں ہے، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت 25 فیصد ٹیرف ادا کرے گا، نئے ٹیرف کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا اور اگر انڈیا نے ٹیرف ادا نہ کیا تو اس پر بھاری جرمانہ بھی ہوگا۔
trump