Live Updates

ایپکاکاحکومت سندھ کا پیش کردہ بجٹ مسترد کرکے 19جون کو کراچی پریس کلب اور سندھ اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان

اتوار 15 جون 2025 18:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) حکومت سندھ کا پیش کردہ بجٹ مسترد کرتے ہوئے 19جون کو کراچی پریس کلب اور سندھ اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا یہ اعلان گذشتہ روز آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) سندھ کے صدر مقبول حسین مہرنے دیگر رہنمائوں جن میں سینئر نائب صدر اول عبدالوہاب کاغذی، صوبائی پریس سیکریٹری محمد بخش کنبھڑ، آغا شعیب خان پٹھان، مجاہد حسین لانگاھ، محمد پناہ مہر، محبوب علی کوکر، شہزادو عباسی اور دیگرشامل تھے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ، پریس کانفرنس کندہ نے ایپکا سندھ کے صدر مقبول حسین مہر نے کہا کہ بجٹ سے قبل ہم سے کیے گئے وعدوں کے مطابق تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کر کے حکومت نے وعدہ خلافی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے سیکریٹری فنانس سمیت دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں ہوئی تھیں اور ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ احتجاج نہ کریں، آپ کی تنخواہوں میں وفاق کے مقابلے میں 10 فیصد اضافے کیا جائے گا۔ لیکن 13 جون کو سندھ حکومت نے محنت کشوں، عوام اور ملازمین دشمن بجٹ پیش کیا، جس میں صرف 12 فیصد تنخواہوں اور 8 فیصد پنشن کا اضافہ کیا گیا، جو موجودہ مہنگائی کے تناسب سے نہایت کم ہے، جس کے باعث سرکاری ملازمین میں بے چینی اور غصہ پایا جا رہا ہے۔

ایپکا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ گروپ انشورنس کی رقم، جو ہماری تنخواہوں سے کاٹی جاتی ہے، وہ ہمیں زندگی میں ہی واپس دی جائے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اور پنشن میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے، سندھ کے ملازمین کو ڈسپیئرٹی الاؤنس دیا جائے، میونسپل ملازمین کی تنخواہیں آن لائن سسٹم سے منسلک کی جائیں، جبکہ میڈیکل الاؤنس اور ہاؤس رینٹ میں بھی 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔

فوتی کوٹہ بحال کیا جائے اور سالوں سے کام کرنے والے پاپولیشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہیں ادا کر کے مستقل کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو 19 جون کو سندھ کے تمام سرکاری محکموں کے لاکھوں ملازمین بچوں سمیت احتجاج پر ہوں گے، دفاتر کی تالا بندی کر کے کام چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہو جائیں گے۔ ایپکا رہنماؤں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سندھ کی خالی زمینوں پر ہاؤسنگ اسکیم کے تحت پلاٹ دیے جائیں تاکہ ملازمین اپنے گھر تعمیر کر سکیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات