ٹریفک پولیس کے اہلکار کم تنخواہوں کے باوجود اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں ،لالہ یوسف خلجی

صوبائی حکومت فوری طور پرشہر میںٹریفک پولیس کی نفری میں اضافے اورانکی تنخواہیں موٹر وے پولیس کے برابر کرے ، سربراہ بلوچستان امن جرگہ

اتوار 15 جون 2025 19:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار کم تنخواہوں کے باوجود اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں صوبائی حکومت فوری طور پرشہر میںٹریفک پولیس کی نفری میں اضافے اورانکی تنخواہیں موٹر وے پولیس کے برابر کرے تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار سخت گرمی اورسردی میں اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرتے ہیں شہر میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نفری کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں جس کے باوجود ٹریفک پولیس کے اہلکار اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوںکو بھی چاہئے کہ وہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اورانکے ساتھ بدتمیزی سے گریز کریں کیونکہ ٹریفک پولیس اہلکار عوام کی خدمت کیلئے سخت دھوپ ،دھوئیں ،مٹی کے باوجود بھی اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں موٹر وے پولیس کے برابر کرے اور شہر میں ٹریفک پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے ۔