چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتیوں سے متعلق خبروں پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وضاحت جاری کردی

اتوار 15 جون 2025 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتیوں کے معاملے پر میڈیا پر چلنے والی خبروں پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ترجمان قومی اسمبلی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے طریقہ کار بتا دیا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتیوں کے معاملے پر وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے 16 مئی کے خط کا حوالہ بھی دیا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس آئے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اسپیکر کو پارلیمانی لیڈرز سے پارلیمانی کمیٹی کے نام مانگنے کی درخواست کی جائے گی، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی لیڈرز سے نام طلب کریں گے۔

پارلیمانی لیڈرزکی جانب سے بھیجے گئے ناموں کو قومی اسمبلی میں موجود پارٹی نمائندگی کے مطابق شامل کیا جائے گا۔ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے نام بھجوائیں جائیں گے تب کمیٹی بنے گی، کمیٹی کی تشکیل وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت مکمل ہونے سے پہلے ممکن نہیں۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تعیناتیوں کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا۔