Live Updates

ایران اسرائیل کشیدگی، امریکہ کی اسرائیل میں موجود اپنے سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کی اجازت

سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو بھی اپنی مدد آپ کے تحت اسرائیل چھوڑنے کا کہہ دیا تاہم تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتی مشنزکھلے رہیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 16 جون 2025 12:15

ایران اسرائیل کشیدگی، امریکہ کی اسرائیل میں موجود اپنے سفارتی عملے ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون 2025)ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث امریکہ نے اسرائیل میں اپنے سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کی اجازت دیدی،امریکی سفارت خانے کے عملے کو اسرائیل چھوڑنے یا اگلے نوٹس تک محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات،سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو بھی اپنی مدد آپ کے تحت اسرائیل چھوڑنے کا کہہ دیا تاہم تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتی مشنزکھلے رہیں گے۔

برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کو اسرائیل کا سفر کرنے سے روک دیا۔اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانہ آج بند رہیں گے کیونکہ علاقے میں شیلٹر اِن پلیس کی ہدایت اب بھی نافذ العمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تل ابیب میں امریکی سفارت خانے کی شاخ کے قریب ایرانی میزائل حملوں کے جھٹکوں سے معمولی نقصان ہوا ہے تاہم امریکی عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

(جاری ہے)

مائیک ہکابی نے کہا’جو لوگ یروشلم میں امریکی سفارت خانے میں کام کرنے والی ہماری ٹیم کے بارے میں فکر مند ہیں ان کا شکریہ۔انہوں نے اسرائیل میں مقیم تقریباً 7 لاکھ امریکی شہریوں کو سفری ہدایات، ہوائی اڈوں کی بحالی یا سفارت خانے کی سرگرمیوں سے متعلق تازہ معلومات کیلئے امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ یا یروشلم میں امریکی سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل اور ایران کی حکومتوں نے اپنے اپنے شہریوں کیلئے نئی احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہو جائیں یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ لڑائی میں مزید تیزی آئے گی۔ رات بھر اسرائیل اور ایران ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے جس میں نقصانات کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر دوسرا بڑا حملہ کرتے ہوئے درجنوں بیلسٹک میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں کھنڈر بن گئیں تھیں جبکہ 8 اسرائیلی ہلاک اور 300 زخمی ہوئے تھے۔

تارہ حملے میں حیفہ پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی تھی۔ایرانی میزائل اسرائیلی کے دفاعی نظام سے بچتے ہوئے شہروں کے اندر تک گئے اور کئی عمارتوں سے ٹکرائے تھے۔ اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے تھے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے تھے۔ اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھاتھا۔ حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔ ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے تھے۔ تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے تھے۔وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی، حیفہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تازہ حملے میں کم از کم 7 اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی ہو گئے تھے۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات