ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کے ملزم کی شناخت کر لی گئی

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 14:04

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کے ملزم کی شناخت کر لی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں عدالت نے ملزم کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، گزشتہ سماعت پر عدالت نے شناخت پریڈ کیلئے ملزم کو جیل بیجھنے کا حکم دیا تھا، آج پولیس نے گرفتار ملزم عمر حیات کو ایک بار پھر عدالت میں پیش کیا، پولیس کی جانب سے شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت پراسیکوشن نے عدالت کو بتایا کہ ’ملزم کی شناخت ہوچکی ہے، ملزم کو 2 لوگوں نے شناخت کیا جن میں ملزم کی والدہ اور پھوپھو شامل ہیں، ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی کی برآمدگی کیلئے ریمانڈ چاہیئے، اس مقصد کے لیے پولیس کی جانب سے ملزم کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جاتی ہے‘، تاہم ملزم نے مؤقف اپنایا کہ ’میں نے موبائل پولیس کو دے دیا ہے، میرا فیملی سے رابطہ نہیں کیس کے بارے میں ان کو ہی پتا ہے کہ اس میں وکیل کرنا ہے یا نہیں، میری درخواست ہے میرا میڈیکل کروایا جائے‘، بعد ازاں عدالت نے ملزم کے میڈیکل کی ہدایت کردی اور ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کر لیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں فیڈرل پراسیکیوٹر نے 2 رکنی ٹیم مقرر کی ہے، ثناء یوسف کے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کیا، جس کے بعد ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے معاملے میں فیڈرل پراسیکیوٹر کی جانب سے کیس میں 2 رکنی ٹیم مقرر کی گئی، پراسیکوشن کی 2 رکنی ٹیم میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی اور راجہ نوید کیانی شامل ہیں۔