Live Updates

عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں اصلاحات کی جائیں، سینیٹر علی ظفر

پیر 16 جون 2025 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفرنے کہا ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں اصلاحات کی جائیں تاکہ ملک میں معاشی انصاف قائم ہو سکے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں بجٹ 2025-26 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا اور اسرائیل نے پاکستان اور ایران کے خلاف مشترکہ منصوبہ بنایا تھا جس کے تحت پاکستان پر انڈیا نے اور ایران پر اسرائیل نے حملہ کیا، پاکستان نے انڈیا کے حملے کا منہ توڑ جواب دے کر اسے ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپوزیشن کے تمام آئینی و جمہوری حقوق دیئے جائیں، جیسا کہ جمہوری معاشروں میں ہوتا ہے۔ سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بجٹ میں بے روزگاری کے خاتمے اور روزگار کے اضافے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں جبکہ ٹیکسوں میں اضافے کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، ٹیکسوں میں اضافہ عوام پر بوجھ کا باعث بنے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں اصلاحات کی جائیں تاکہ ملک میں معاشی انصاف قائم ہو سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات