Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نواز کے ایئر پنجاب شروع کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، شاہد عمران

پیر 16 جون 2025 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے وزیر اعلی پنجاب کے نئی ایئر لائن ’’ایئر پنجاب ‘‘شروع کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس کیلئے صوبائی بجٹ میں10 ارب روپے مختص کئے گئےہیں۔سوموار کو وزیراعلیٰ مریم نواز کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ علاقائی روابط کو بڑھانے،سیاحت کو فروغ دینے اور صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایئر لائن نہ صرف شہروں کے مابین سفر کو بہتر بنائے گی بلکہ سرمایہ کاروں، تاجروں اور برآمد کنندگان کو اہم کاروباری مراکز تک آسان رسائی بھی فراہم کرے گی۔اس اقدام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مہمان نوازی،لاجسٹکس اور سفر سے منسلک صنعتوں اور کاروبار کو ترقی ملے گی،بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بہتر نقل و حمل پر توجہ مرکوز کرکے حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھ رہی ہے۔ شاہد عمران نے اسے ایک ترقی پسند منصوبہ قرار دیا اور ایئر پنجاب کو کامیاب بنانے میں صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات