بغیر ٹکٹ مسافروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 154 مسافر گرفتار، لاکھوں روپے وصول

پیر 16 جون 2025 23:02

․ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ کی خصوصی ہدایات پر پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹر گروپ نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا آغاز کر دیا ۔اس سلسلے میں چیف کمرشل مینیجر علی رضوان رضوی اور ڈپٹی چیف کمرشل مینیجر کامران سعید کی قیادت میں ٹیم نے ملتان ڈویڑن میں مختلف ٹرینوں پر اچانک چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

اس دوران 154 بغیر ٹکٹ مسافروں کو گرفتار کیا گیا اور ان سے کرایے و جرمانے کی مد میں مجموعی طور پر 2,52,760 روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ اور سی سی ایم علی رضوان رضوی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا، اور اس میں ملوث یا غفلت برتنے والے عملے کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ایسے کریک ڈاؤنز آئندہ بھی تسلسل سے جاری رہیں گے تاکہ ریلوے کی آمدنی میں اضافہ اور مسافروں کو شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔