Live Updates

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی وزیر اعلی مریم نواز کو عوام دوست اور فلاحی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد

پیر 16 جون 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وزیر اعلی مریم نواز کو عوام دوست اور فلاحی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے فلاحی بجٹ پیش کرکے عوامی خدمت کے سفر کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔پنجاب کے آئندہ مالی سال کے ٹیکس فری بجٹ میں مزدور ،کسان سمیت ہر طبقے کیلئے ریلیف موجود ہے مزدور کی کم از کم اجرت بڑھا کر 40ہزار روپے ماہانہ کردی گئی ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ۔ وزیر اعلی آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلی آسان کاروبار کارڈ سکیموں کے تحت رواں مالی سال 70ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وزیر اعلی آسان کاروبار فنانس پروگرام کیلئے 23 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس پروگرام کے تحت تقریبا 5 ہزارسے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے بلا سود قرضے دئیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں2.7ارب روپے کی لاگت سے عدم دستیاب سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کا انقلابی پروگرام شروع کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی صنعتیں تیزی سے لگ رہی ہیں جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 1240ارب کا تاریخ ساز ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے اور پنجاب کا نئے مالی سال کا بجٹ صوبے میں ترقی کی نئی راہیں متعین کرے گا ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات