انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں چینی وفد کے ساتھ گول میز کانفرنس کا انعقاد

پیر 16 جون 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) نے چینی وفد کے ساتھ گول میز کانفرنس کی میزبانی کی جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سینئر حکام شامل تھے۔ پاکستان کی طرف سے شرکا ءمیں نامور ماہرین تعلیم شامل تھے۔ بحث میں ابھرتے ہوئے عالمی نظام، علاقائی پیش رفت، گلوبل سائوتھ میں چین کے کردار اور سی پیک کو آگے بڑھانے اور پاک چین’’آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔

چینی وفد کی قیادت چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے ترجمان اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ہو ڑائومنگ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس ایس آئی کی طرف سے شرکاء میں سفیر ضمیر اکرم، سفیر مسعود خالد، سفیر بابر امین، ڈاکٹر حسن دائود بٹ، فرخ پتافی، ڈاکٹر سلمیٰ ملک، نبیلہ جعفر، ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان اور فیضان تیمور ثاقب شامل تھے۔

استقبالیہ کلمات میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سہیل محمود نے چینی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر لیو جیان چائو کے کردار کو سراہا۔ پاک چین تعلقات کی بے مثال نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ تعلقات سٹریٹجک باہمی اعتماد اور بنیادی دلچسپی کے تمام مسائل پر باہمی تعاون سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

سہیل محمود نے سی پیک کے تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت میں چین کے پرامن عروج کو سراہا۔ تذویراتی استحکام، بہتر رابطہ کاری اور عوام سے عوام کے تبادلے کی اہمیت سمیت مضبوط میڈیا تعاون اور مشترکہ اہداف کے لیے مسلسل حمایت پر زور دیا۔ ہو ڑائومنگ نے چین کی خارجہ پالیسی کے بدلتے ہوئے راستے کے بارے میں گہری بصیرت کا اشتراک کیا۔

صدر شی جن پنگ کے اہم خیالات بشمول خارجہ پالیسی اور ثقافتی تجدید کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے امن، تعاون اور مشترکہ پیش رفت کے لیے چین کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی عالمی تبدیلیاں جسے صدر شی جن پنگ نے ”ایک صدی میں نظر نہ آنے والی عظیم تبدیلیوں“ کے طور پر بیان کیا ہے، وہ بڑی حد تک چین کے پرامن عروج سے متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین’’ گلوبل سائوتھ‘‘ کے ساتھ مضبوطی سے جڑا ہوا ہے اور وہ خاص طور پر پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

چیئرمین آئی ایس ایس آئی خالد محمود نے پاک چین دوستی کو مزید فروغ دینے کے لیے ثقافتی اور عوام کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک چین تعلقات ایک قیمتی میراث ہے جس کو محفوظ اور آنے والی نسلوں کو منتقل کیا جائے گا۔