Live Updates

غریب عوام کیلئے بجٹ میں محدود سہولتیں رکھی گئی ہیں، سینیٹر وقار مہدی

منگل 17 جون 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ غریب عوام کیلئے بجٹ میں محدود سہولتیں رکھی گئی ہیں، حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ عوام کو کوئی ریلیف دینے کے بجائے مزید مہنگائی اور معاشی دبائو کی طرف دھکیل رہا ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد اور پینشنرز کیلئے صرف 7 فیصد اضافہ کیا گیا جو کہ موجودہ معاشی حالات میں کسی بھی صورت کافی نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر وقار مہدی نے اس اقدام کو غریب کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کیلئے بجٹ میں محدود سہولتیں رکھی گئی ہیں، وہیں عوامی نمائندوں اور اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں پانچ سو فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے جو کہ تضاد اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ وزیر خزانہ کو کم از کم ایک دن کیلئے عوام میں جا کر زندگی گزارنی چاہئے تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ عام شہری کس قدر مشکلات کا شکار ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں حقیقی عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے اور امیر و غریب کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات