شورکوٹ ، باہو پارک میں تعفن، اور گندگی کے مناظر شہریوں کے لیے اذیت کا سبب ہیں

منگل 17 جون 2025 15:47

شورکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) باہو پارک شورکوٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، تفصیلات کے مطابق شورکوٹ شہر کے معروف تفریحی مقام باہو پارک میں صفائی کے ناقص انتظامات نے نہ صرف ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا بلکہ اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کو سنجیدہ نہ لینے کا تاثر بھی دیا ہے۔

(جاری ہے)

پارک کے مختلف حصوں میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، تعفن، اور گندگی کے مناظر شہریوں کے لیے اذیت کا سبب بنے ہوئے ہیں، جس سے نہ صرف پارک کی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے بلکہ ماحول بھی آلودہ ہو چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے انچارج ویسٹ مینجمنٹ شورکوٹ کو متعدد بار شکایات درج کروائیں، مگر تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔شہری حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے اہداف کو حقیقی معنوں میں یقینی بنائیں۔\378