پاکستان سپورٹس بورڈ نے ’’پاکستان‘‘کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کرنے پر طارق پرویز کو لیگل نوٹس ارسال کردیا

منگل 17 جون 2025 19:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کی جانب سے ’’پاکستان‘‘کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کے معاملے پر پاکستان سپورٹس بورڈ نے ’’پاکستان‘‘کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کرنے پر طارق پرویز کو لیگل نوٹس ارسال کردیا۔ لیگل نوٹس میں کہاگیاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے علم میں آیا ہے کہ ایک ادارہ ’’پاکستان‘‘کے نام کو غیر قانونی طور پر استمعال کررہا ہے،یہ ادارہ اپنے کاموں، تشہیری سرگرمیوں میں’’پاکستان ‘‘ کانام استعمال کر رہا ہے، یہ ادارہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ منسلک نہیں ہے۔

نوٹس میں کہاگیاکہ یہ طرز عمل پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین،ملکی قوانین اور ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

متن کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں قومی سپورٹس فیڈریشنز کا الحاق کرنے والا واحد بااختیار ادارہ ہے۔ نوٹس میں کہاگیاکہ پی ایس بی کے آئین کے تحت، کوئی بھی تنظیم یا ادارہ پیشگی یا باضابطہ منظوری کے بغیر پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکتا، ’’پاکستان‘‘کے نام کا مسلسل استعمال کھلاڑیوں، اسپانسرز، اداروں اور عوام کو گمراہ کرتا ہے، یہ اقدامات تنظیم کی سرکاری حیثیت کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کرتے ہیں۔

نوٹس میں کہاگیاکہ یہ عمل آپ کی تنظیم اور ملکی کھیلوں کے نظام کے لیے بدنامی کا باعث اور قانونی مسائل پیدا کرتا ہے۔ نوٹس میں تنبیہ کی گئی کہ فوری طور پر اپنے نام اور تمام متعلقہ مواد میں "پاکستان" کے الفاظ کا استعمال بند کریں،ایسی تمام اشاعتیں، سائن بورڈز، ویب سائٹس، سوشل میڈیا مواد واپس لیں جو پی ایس بی یا حکومت پاکستان سے تعلق یا منظوری کا تاثر دیتاہو۔

لیگل نوٹس میں تنبیہ کی گئی کہ آئندہ کوئی بھی ایسا دعویٰ نہ کریں جس سے آپ کی تنظیم کو قومی سطح کی فیڈریشن یا پاکستان کی نمائندہ تنظیم ظاہر کرے۔ نوٹس میں کہاگیاکہ اس نوٹس کے موصول ہونے کی تاریخ سی(07) دن کے اندر تحریری وضاحت اور عمل درآمد کی تصدیق کریں، اگر مذکورہ ہدایات پر عمل نہ کیا تو پی ایس بی قانونی اور انتظامی کارروائی کا آغاز کرے گی۔ نوٹس میں کہاگیاکہ پی ایس بی متعلقہ عدالتوں،پی ٹی اے اور ایف آئی اے سے رجوع کرسکتی ہے ، لہذا، اس معاملے کو سنجیدگی اور فوری توجہ کے ساتھ لیں۔