گورنمنٹ گریجویٹ کالج سول لائنز شیخوپورہ کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کے وفد کا پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ

منگل 17 جون 2025 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) گورنمنٹ گریجویٹ کالج سول لائنز شیخوپورہ کے طلباء اور فیکلٹی ممبران پر مشتمل 60 رکنی وفد نے منگل کوپارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیا۔سینیٹ سیکٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں سینیٹ کی تاریخ، اہم واقعات اور پارلیمانی ارتقاء پر مبنی ایک جامع ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔

اس ڈاکیومنٹری کے ذریعے وفد کو پارلیمانی روایات، سینیٹ کے کردار اور آئینی اہمیت کے بارے میں بصیرت حاصل ہوئی۔اس موقع پر وفد کو سینیٹ کی "گلی دستور" کا بھی دورہ کرایا گیا جو پاکستان کے آئینی سفر، اہم قومی دستاویزات اور تاریخی لمحات کی تصویری و دستاویزی شکل میں عکاسی کرتی ہے۔ گلی دستور نے وفد کی توجہ اپنی جانب مبذول کی اور انہیں آئینی تاریخ کے مختلف ادوار کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد کو سینیٹ ہال کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں وفد نے سینیٹ اجلاس کی کارروائی دیکھی، وفد کو تفصیلی اور معلوماتی بریفنگ بھی دی گئی۔ وفد کو قانون سازی کے مراحل، پارلیمانی طریقہ کار اور ایوان بالا کی عملی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وفد نے اس دورے کو انتہائی مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔ وفد نے سینیٹ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے مطالعاتی دورے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ قانون سازی کے عمل اور پارلیمانی نظام کی بہتر سمجھ حاصل ہو سکے۔