Live Updates

بلوچستان ،مالی سال 2025-26 ،بجٹ میں محکمہ صنعت و حرفت کیلئے 10ارب29کروڑ روپے مختص

منگل 17 جون 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں محکمہ صنعت و حرفت کیلئے مجموعی طور پر 10ارب29کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

یہ محکمہ صنعتی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ صنعت و حرفت کے شعبے کی ترقی موجودہ صوبائی حکومت کے نزدیک فوقیت کا درجہ رکھتا ہے۔ صوبے میں زرعی شعبے کے بعد ، روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں زیادہ حصہ صنعت و حرفت کے شعبے سے جڑے چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقہ کا ہے جسے صوبائی حکومت سنجیدگی سے فروغ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

صنعتی سرگرمیوں کو ہماری حکومت نے اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

بوستان اور حب میں اسپیشل اکنامک زونز (SEZS) کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اور گرڈ اسٹیشن کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے پاک ایران سرحد پر 6 مشتر کہ بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے ساتھ ساتھ 3 پائلٹ پراجیکٹس ( گہد گوادر، مند کیچ اور چیدگی پنجگور میں بارڈر مارکیٹوں کی تعمیر مکمل کیے جاچکے ہیں۔ ترقیاتی منصوبی کے تحت کوئٹہ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ، ڈیرہ مراد جمالی انڈسٹریل اسٹیٹ اور گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ دو یلپمنٹ اتھارٹی کو بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔

نوکنڈی میں صنعتی اسٹیٹ کا قیام اور حب میں لیڈا (LIEDA) کے لئے 132 کے وی کے گرڈ اسٹیشن کی تکمیل کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال 26-2025 اس شعبے کے لیے ترقیاتی مد میں 6 ارب روپے اور غیر ترقیاتی مد میں4ارب 29 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات