بھارت سے مختلف ممالک کو جانے والی سات پروازیں منسوخ

منگل 17 جون 2025 20:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) ایئر انڈیا نے منگل کو احمد آبادسے لندن جانیوالی پرواز AI-159سمیت مختلف ممالک کو جانے والی سات پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایئر انڈیا نے ایک پریس بیان میں کہا کہ منسوخ ہونے والی پروازوں میں بنگلورولندن، دہلی ویانا، دہلی پیرس، ممبئی سان فرانسسکو، امرتسرلندن اور دہلی دبئی شامل ہیں۔

احمد آبادسے لندن جانیوالی پرواز AI-159 کی منسوخی کے اعلان سے قبل مسافروں کو ابتدائی طور پر دو گھنٹے کی تاخیرکے بارے میں مطلع کیاگیا۔مسافروں نے انہیں فراہم کردہ معلومات اور سہولیات کی عدم فراہمی پر مایوسی کا اظہار کیا۔ مسافروں نے شکایت کی کہ فلائٹ اچانک منسوخ کر دی گئی ہے۔ایک مسافرنے بتایاکہ میں دوپہر ایک بجے ایئر انڈیا کی فلائٹ سے گیٹ وِک، لندن جا رہا تھا، لیکن مجھے ابھی معلوم ہوا ہے کہ فلائٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عملے کے ارکان پرواز کی منسوخی کی کوئی وجہ یا کرایہ کی واپسی کے بارے میں کچھ نہیں بتارہے ہیں۔ایئر لائن نے کہا کہ یہ خلل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA)کی طرف سے ایئر انڈیا کے بیڑے میں جاری حفاظتی معائنے کی وجہ سے پیدا ہوا۔ واضح رہے چند روز قبل احمد آباد ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والی ایک پرواز حادثے کاشکارہوگئی تھی جس میں 240کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے۔