فیصل آباد میں مختلف پولیس مقابلوں میں 1 ڈاکو ہلاک اور 1 زخمی حالت میں گرفتار، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے2 راہگیر زخمی

منگل 17 جون 2025 22:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) فیصل آباد میں مختلف پولیس مقابلوں میں 1 ڈاکو ہلاک اور 1 زخمی جبکہ 2 راہگیر بھی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکریوالہ اور تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران فیضان اور مظہر نامی ڈاکو ہلاک ہوگئے اور فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر بھی زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ڈاکووں نے فائرنگ کرکے اپنے ساتھی سمیت 2 راہگیروں کو شدید زخمی کر دیا۔ شہریوں نے زخمی ڈاکو کو اسلحہ سمیت پکڑ کر لیا جو ہسپتال لیجاتے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کے دیگر 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 245 رب عباس پور علمی روڈ امام بارگاہ کے قریب 4 مسلح ڈاکووں نے سبزی منڈی جاتے ہوئے متعدد راہگیروں کو فائرنگ کرکے روکا اور لوٹ مار کی اس دوران لٹنے والے ایک شہری نے ایک ڈاکو کو قابو کر لیا جس کے بعد قابو آئے ڈاکو کے ساتھیوں نے فائرنگ کرکے اپنے ساتھی سمیت 2 افراد کو زخمی کر دیا اور اپنے زخمی ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالہ سب انسپکٹر شاہد اعوان فوری طور پر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈاکو راستے میں ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت فیضان ولد یعقوب سکنہ 67 ج ب سے ہوئی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ زخمی ہونے والے ایک شہری کی شناخت 245 رب کے غلام شبیر کے نام سے ہوئی ہے دوسرے کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔

ہلاک ہونیوالا ڈاکو ڈکیتی چوری اور راہزنی کے 25 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے ہلاک اور فرار ہونے والے ڈاکووں کیخلاف پولیس کی مدعیت میں اقدام قتل،ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے فرار ڈاکووں کی تلاش شروع کر دی گئی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ میں پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو مظہر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

انچارج چوکی راول چوک مدد حسین SIمعہ ہمراہی ملازمان بسلسلہ ناکہ بندی 113 گ ب موڑ پر موجود تھے ۔دو موٹر سائیکلوں پر 04 کس نامعلوم ملزمان آئے۔ مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تو انھوں نے پولیس پارٹی پر جان لیوا فائرنگ شروع کر دی۔اطلاع پر موبائل ہائے اور ایلیٹ ٹیم و پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچ گئی۔پولیس پارٹی نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر محتاط انداز میں دیکھا تو ملزم مظہر مضروبی حالت میں پڑاتھا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوگیا۔جبکہ اس کےساتھی ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔