ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پہلی خصوصی پرواز اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی، ترجمان پی آئی اے

بدھ 18 جون 2025 09:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز ایران میں پھنسے 107 پاکستانی شہریوں کو لے کر بدھ کی صبح 3 بجے بحفاظت اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی ۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایران میں موجود پاکستانی شہری زمینی راستے کے ذریعے ترکمانستان کے شہر اشک آباد پہنچے تھے ۔

(جاری ہے)

اس تمام عمل میں ایران اور ترکمانستان میں پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ترجمان نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی یہ خصوصی پرواز پی کے 9552 حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر روانہ کی گئی تھی۔وطن واپس پہنچنے والے پاکستانی شہریوں نے حکومت اور پی آئی اے کے بروقت اقدام کو سراہا اور قابل تحسین قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مشکل گھڑی میں ملکی مفادات کی خاطر قومی ایئرلائن کی جانب سے اپنی خدمات فراہم کرنا ہماری دہائیوں پر مشتمل روایات کا تسلسل ہے۔