ملک بھر میں سیلز اور انکم ٹیکس کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو

ٹیکس رجیم کو مکمل طور پر آٹو میٹک، شفاف اور آسان بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے،ارشاد حسین

بدھ 18 جون 2025 11:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ارشاد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکس رجیم کو مکمل طور پر آٹو میٹک، شفاف اور آسان بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں جی ایس ٹی، ای فائلنگ سسٹم بارے ایک تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پاکستان ریونیو آٹو میشن لمیٹڈ (پرال) کی 6رکنی ٹیم نے ای فائلنگ بارے آگاہی دی۔

چیف کمشنر نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے جبکہ ای فائلنگ کے سلسلہ میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی آگاہی کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے تعاون سے تربیتی سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے ملک بھر میں سیلز اور انکم ٹیکس کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے، اس مقصد کیلئے پرال نے زبردست سافٹ وئیر تیار کیا ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنے کے علاوہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بھی وسیع کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سکیم سے نہ صرف موجودہ ٹیکس دہندگان بلکہ نئے شامل ہونے والے ٹیکس دہندگان کو بھی یہ سہولت مہیا کی جا سکے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایف بی آر اس حوالے سے ٹیکس دہندگان کی آگاہی اور ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ بزنس کمیونٹی ایف بی آر کے ای فائلنگ کے نظام میں گہری دلچسپی لے رہی ہے تاکہ وہ آسانی سے اپنے دفاتر میں بیٹھ کے سیلز اور انکم ٹیکس کی ادائیگی کر سکیں اور اس مقصد کیلئے ان کو دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر اور مقامی ٹیکس آفس کے درمیان قریبی روابط پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ باہمی تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ بعد ازاں پرال کے افسران نے ای فائلنگ کے نظام بارے تفصیلی آگاہی دی جس میں انوائس جنریشن، ریٹرن کی فائلنگ اور دیگر تکنیکی امور شامل تھے۔ تربیتی سیشن کے شرکا نے اس نظام بارے مختلف نوعیت کے سوال بھی پوچھے۔ آخر میں نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیاجبکہ سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو فیصل آباد ارشاد حسین کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔