سانگھڑ میں ہینڈز کے زیراہتمام 170 دیہات میں آفات سے بچاؤ کے تربیتی سیشنز

بدھ 18 جون 2025 14:29

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) سماجی تنظیم ہنڈزسانگھڑ کی جانب سے یونین کونسل چوٹیاریوں اور سیٹھار پیر کے 170 دیہات میں قدرتی آفات (زلزلے، سیلاب، طوفان) اور غیر قدرتی آفات (آگ، صنعتی حادثات، دہشت گردی) سے بچاؤ اور آگاہی کے لئے خصوصی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ان سیشنز کا مقصد مقامی آبادی کو ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر ردعمل، ریسکیو، اور ایویکیویشن کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کرنا تھا۔

ان تربیتی پروگراموں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی شمولیت کو خصوصی طور پر یقینی بنایا گیا تاکہ ہر طبقے کے افراد کسی بھی آفت کی صورت میں اپنی اور دوسروں کی جان بچانے کے قابل ہو سکیں۔ ہینڈز سانگھڑ کے ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو مینیجر زوہیب نوناری کے مطابق، تربیتی سیشنز کے بعد اب ان ہی دیہات میں ریفریشر کورسز بھی جاری ہیں تاکہ سیکھے گئے اسباق کا اعادہ کیا جا سکے اور عملی تیاری مزید مؤثر بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام 170 دیہات میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (ڈی آر آر) کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کریں گی اور مقامی سطح پر امدادی و آگاہی سرگرمیاں انجام دیں گی۔ مقامی افراد نے "ہینڈز" کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت ان کے لئے نہایت مفید ثابت ہوئی ہے۔ ایک مکین نے کہا ہمارے علاقے اکثر آفات کی زد میں آتے ہیں، لیکن اب ہمیں نہ صرف اپنی حفاظت کا علم ہے بلکہ ہم دوسروں کی مدد کے بھی قابل ہو گئے ہیں۔ یہ واقعی ایک قابلِ تعریف اقدام ہے۔