اسلام آباد،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کا فیصلہ

بدھ 18 جون 2025 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر پہلی مرتبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کنونشن سینٹر اسلام آباد میں 19 جون بروز جمعرات (کل) صبح 10 بجے سے لے کر سہ پہر 5بجے تک این ایچ اے ٹول پلازوں کا اوپن آکشن ہوگا۔اس ضمن میں منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک بھر کے ٹول پلازوں کا ایک ہی وقت میں اوپن آکشن کرنا مثبت فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے میں اصلاحات لانا اور بہتری کے لئے متعدد اقدامات کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ ٹول پلازوں کی نیلامی کے موقع پر بینک کائونٹر سمیت حصہ لینے والے بولی دہندگان کو ضروری سہولیات بہم پہنچائی جائیں اور کنونشن سینٹر میں اس نیلامی کے لئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں اور اس سارے عمل کو ہر لحاظ سے شفاف ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ این ایچ اے کے ریونیو میں اضافے کے لئے پہلے ہی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کے اس فیصلے سے بھی ادارے کی مالی پوزیشن میں مزید بہتری آئے گی۔ اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹول پلازوں کی اس کھلی نیلامی کیلئے میڈیا میں اشتہارات دیئے گئے ہیں اور 19 جون بروز جمعرات سہ پہر 5بجے تک نیلامی کے اس عمل کو میڈیا کے سامنے جاری رکھا جائے گا جس میں ملک بھر کے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام 74 ٹول پلازوں کا ’’اوپن آکشن‘‘عمل میں لایا جائے گا۔