محرم الحرام 2025، ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی زیر صدارت سکیورٹی پلان سے متعلق اہم اجلاس

بدھ 18 جون 2025 20:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی زیر صدارت محرم الحرام 2025 کے سلسلے میں سکیورٹی و انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈی ایس پی، ایس ایچ اوز، انچارج ڈی آئی بی انسپکٹر جنید عباسی، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، جلوس و مجالس کے منتظمین اور دیگر ذمے داران کی شرکت سے منعقد ہوا۔

ایس ایس پی حیدرآباد نے تمام علما، رہنماؤں اور منتظمین سے تعارفی ملاقات کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران درپیش مسائل، تجاویز اور سکیورٹی سے متعلق مشورے سنے۔ شرکاء نے پولیس کے تعاون اور ماضی کے مؤثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ کے لیے بھی بہتر تعاون کی توقع ظاہر کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام امام بارگاہوں، مساجد، مجالس، اور جلوسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، اور ڈی آئی بی انچارج کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں سکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ ٹیمیں شہر کے اہم مقامات، بس اسٹاپس، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور مسافر خانوں پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کریں گی۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ محرم کے دوران ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں 24 گھنٹے افسران موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کا فوری تدارک ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اخوت، بھائی چارے، قربانی اور صبر کا درس دیتا ہے، لہٰذا تمام مکاتب فکر کے افراد کو چاہیے کہ مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔