Live Updates

میں تنگ آچکا ہوں ایران کیلئے آج پھر پیغام ہے کہ غیرمشروط سرنڈر کردے

ایران نے رابطہ کیا ہے میں نے کہا بہت دیر ہوچکی ہے، ایران بہت مشکل میں ہے، مجھے نہیں معلوم کہ اسرائیل ایران کشیدگی مزید کتنی دیر چلے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 18 جون 2025 20:39

میں تنگ آچکا ہوں ایران کیلئے آج پھر پیغام ہے کہ غیرمشروط سرنڈر کردے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں تنگ آچکا ہوں ایران کیلئے آج بھی پیغام ہے کہ غیرمشروط سرنڈر کردے، ایران نے رابطہ کیا ہے میں نے کہا بہت دیر ہوچکی ہے، ایران بہت مشکل میں ہے، مجھے نہیں معلوم کہ اسرائیل ایران کشیدگی مزید کتنی دیر چلے گی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایران کو 60 دن کا وقت دیا تھا، ایران کے پاس دفاعی صلاحیت نہیں بچی، ایران مکمل طور پر غیرمحفوظ ہے، ان کے پاس کوئی فضائی دفاعی نظام نہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے،ہمارا صبر جواب دے رہا ہے۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں ایران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، ایران کے پاس اچھے فضائی ٹریکرز اور دیگر دفاعی سازوسامان موجودہ تھا، ایران کے پاس یہ سامان بڑی مقدار میں تھا، ایران کا سازوسامان امریکی دفاعی سازوسامان کا مقابلہ نہیں کرسکتا،کوئی بھی امریکا سے اچھا دفاعی سازوسامان نہیں بنا سکتا۔

(جاری ہے)

ہمیں معلوم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کہاں چھپے ہوئے ہیں، ہم فی الحال ایرانی سپریم لیڈر کو نہیں مارنے جارہے ، ایرانی سپریم لیڈر آسان ہدف ہیں،ہم ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے نہیں جارہے ، ہمارا صبر جواب دے رہا ہے، ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے، ہم نہیں چاہتے کہ میزائل شہریوں یا امریکی فوجیوں کو نشانہ بنائیں۔ دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو سرنڈر کرنے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی ،دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے، کیونکہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

انہون نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اپنے شہدا کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات