وفاقی وزیر غذائی تحفظ کی شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات

ملک بھر میں چینی کی موجودہ دستیابی، قیمتوں کے رجحان ،آئندہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو

بدھ 18 جون 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس کا انعقاد ہواجس میں پاکستان شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں چینی کی موجودہ دستیابی، قیمتوں کے رجحان اور آئندہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت صارفین کو چینی کی مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شوگر انڈسٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ پیداوار، سپلائی اور قیمتوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا"ہم کسی بھی صورت چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حکومت اور صنعت کے درمیان تعاون سے نہ صرف مارکیٹ میں استحکام آئے گا بلکہ کسانوں اور صارفین دونوں کے مفادات کا تحفظ ممکن ہوگا۔"شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ چینی کی بلاتعطل فراہمی اور منصفانہ نرخوں کو برقرار رکھنے کے لیے حکومتی پالیسیوں سے مکمل تعاون کریں گے۔