فیصل آباد نے وزیراعلی پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن کبڈی کا فائنل جیت لیا

جمعرات 19 جون 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن کبڈی کا فائنل فیصل آباد ڈویژن نے جیت لیا، گرلز ہاکی فائنل لاہور جبکہ بوائز ہاکی فائنل ملتان ڈویژن نے جیت لیا، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کبڈی فائنل اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے،سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خضرافضال چوہدری بھی موجود تھے، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کی اختتامی تقریب میں کبڈی ٹیموں کو 23لاکھ 80ہزار روپے جبکہ ہاکی گرلز اینڈ بوائز ٹیموں کو 28لاکھ 80ہزار روپے کے انعامات تقسیم کئے۔

کبڈی فائنل میں فیصل آباد نے لاہور ڈویژن کو52-41سے پوائنٹس سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا،گرلز ہاکی میں لاہور نے فیصل آباد کو 8-2گولزسے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا،لاہورکی جانب سے شارقہ نے 5، لائبہ یاسمین نے 2اور اسما نے ایک گول کیا جبکہ فیصل آباد کی جانب سے سحرش نے دو گول کئے، بوائز ہاکی میں ملتان نے لاہور کو 2-1گولزسے شکست دے دی، ملتان کی جانب سے ماحد اورخبیب نے ایک ایک گول کیاجبکہ لاہور کی جانب سے واحدگول سمیع اللہ نے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی ملک کے ہیرو ہیں،سمر گیمزمیں جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دیتا ہوں،اس طرح کے ایونٹس سے نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جارہاہے، انعامات صرف رقم نہیں بلکہ ان کی محنت، لگن اور قابلیت کا اعتراف ہیں، وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں، ایسے ٹورنامنٹس نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ذریعہ ہیں اور یہی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتیں گے۔

صوبائی وزیر نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو سمر گیمز کے مثالی انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کے شاندار انتظامات کیے گئے، نوجوانوں کے لیے ''کھیلتا پنجاب''، ''رائزنگ پنجاب'' اور ''سمر کیمپس'' اور سمر گیمز، پنک گیمزجیسے اقدامات کو ایک مثبت رہنمائی قرار دیا۔ اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں اور ان کی کامیابیوں کو خوب سراہا۔

صوبائی وزیر کھیل نے رواں سال ہونیوالی پنک گیمزکو گزشتہ سال سے دوگنا بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلی پنجاب گیمز 12 سے 18 جون تک لاہور کے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوئے جن میں پنجاب بھر کے 9 ڈویژنز سے 700 سے زائد گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ سمر گیمز میں کبڈی، ہاکی، والی بال اور بیڈمنٹن کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملے، سمر گیمز میں کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 75لاکھ روپے کے انعامات سے نوازا گیا۔

کبڈی مقابلوں میں فیصل آباد کی ٹیم فاتح رہی اور 14لاکھ روپے انعامی رقم کی حقدار بنی جبکہ لاہور کی ٹیم رنر اپ رہی اور9لاکھ 80ہزار روپے انعام کی حقدار بنی۔ اسی طرح ہاکی بوائز میں ملتان کی ٹیم فاتح رہی اور 9لاکھ روپے انعامی رقم جبکہ رنر اپ ٹیم کو 5لاکھ 40ہزار روپے ملے۔ہاکی گرلز میں لاہور نے ٹائٹل اپنے نام کیا لاہور کو 9 لاکھ روپے انعامی رقم جبکہ رنر اپ فیصل آبا د کو ٹیم کو 5لاکھ 40 ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے، بیڈمنٹن بوائز مقابلوں میں فاتح ٹیم کو 3 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ 10 ہزار روپے ملے۔

اسی طرح بیڈمنٹن گرلز مقابلوں میں فاتح ٹیم کو 3 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ 10 ہزار روپے ملے۔والی بال کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور رنر اپ کو 4 لاکھ 20 ہزار روپے ملے۔اختتامی تقریب میں ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس راناندیم انجم، تمام ڈویژنل سپورٹس افسران، کبڈی کپتان عرفان مانا، عرفان اللہ، ارشد ستار، اولمپئن شہباز سینئر، راحت خان، طاہروحید جٹ اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات بھی موجودتھی-