ہزارہ یونیورسٹی کے آرٹ اینڈ ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دو روزہ تھیسز ایگزیبیشن اختتام پذیر،طلبہ نے اپنے فن پارے پیش کیے

جمعرات 19 جون 2025 16:26

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے آرٹ اینڈ ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دو روزہ تھیسز ایگزیبیشن اختتام پذیر ہو گئی جس میں آرٹ اینڈ ڈیزائن کے بیچلر آف فائن آرٹس اور بیچلر آف ڈیزائن کے طلبا و طالبات نے کمیونیکیشن ڈیزائن، پینٹنگ، ٹیکسٹائل ڈیزائن، انٹیرئر ڈیزائن اور فائن آرٹ کے شعبے میں فن پاروں کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے ڈین آرٹس اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر شاکر اللہ نے نمائش کا معائنہ کیا اور طلبہ کے بنائے ہوئے فن پاروں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فن پاروں کی نفاست، جدت اور معیار ہزارہ یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی تخلیقی سوچ کا عکاس ہے، ہمارے ہونہار طلبہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو کر عملی میدان میں نہ صرف ہزارہ یونیورسٹی بلکہ پاکستان کا بھی نام روشن کریں گے۔پروفیسر ڈاکٹر شاکر اللہ نے ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ آسیہ شاہ کو تھیسز ایگزیبیشن کے منظم اور کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔