Live Updates

ایران پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف امریکا میں احتجاج

مظاہرین کا امریکی صدر ٹرمپ سے جنگ میں نہ الجھنے کا مطالبہ

جمعرات 19 جون 2025 16:34

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)جیسے جیسے ٹرمپ انتظامیہ مشرقِ وسطی میں اسرائیل کی جنگ میں مزید عملی کردار ادا کرنے پر غور کر رہی ہے، اسی تناظر میں واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے باہر مظاہرین جمع ہو گئے ہیں جو امریکا کو ایران اور اسرائیل کے مابین جاری جنگ میں براہِ راست مداخلت سے روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور ساتھ ہی امریکا کی جانب سے اسرائیل کو اربوں ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرنے پر بھی اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مظاہرے کے شرکا صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ امریکا جنگ میں براہِ راست عسکری طور پر شامل نہ ہو، کیونکہ ایسا اقدام مشرق وسطی میں تنازعے کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس وقت امریکا کے تین طیارہ بردار بحری بیڑے (aircraft carrier groups) مشرقِ وسطی میں موجود ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیڑے صرف دفاعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے چاہئیں، نہ کہ جارحانہ کارروائیوں کے لیے۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا:"No War with Iran", "Stop Funding War Crimes", "Diplomacy Not Bombs"۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے نے ایک خطرناک اور غیر متوقع صورتحال پیدا کر دی ہے اور امریکا کی براہ راست مداخلت دنیا کو ایک وسیع تر جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔سول سوسائٹی اور امن کے حامی گروپوں نے بھی مظاہرے کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوجی کارروائی کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کرے تاکہ مشرق وسطی میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات