راولپنڈی میں خود کشی کے دو واقعات،خواتین سے سمیت تین افرادنے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا

جمعرات 19 جون 2025 17:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) راولپنڈی کے دو تھانوں کی حدود میں خود کشی کے الگ الگ واقعات میں خواتین سمیت تین افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔پولیس ترجمان کے مطابق جمعرات کو پہلا واقعہ تھانہ دھمیال کے علاقہ گرجا روڈ میں پیش آیا جہاں گھریلوناچاقی اور شوہر کے مسلسل تشدد سے تنگ آکر ماں بیٹی نے زہریلی گولیاں کھالیں جوکہ دونوں کی موت کا سبب بنیں،پولیس کو متوفی طاہرہ کے بھائی فیصل نے درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ میری بہن سے اس کا شوہر لڑائی جھگڑا کرتا تھا ،بہن کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے اور جس دن خودکشی کا واقعہ پیش آیا ،اس دن بھی شوہر شبیر نے بہن پر تشدد کیا اور جب گھر پہنچا تو بہن اور بھانجی نے تشدد کی شکایات کیں اور کہا کہ ہم خود کو ختم کرلیں گے ،بعدازاں بہن اور بھانجی نے زہریلی گولیاں کھالیں جہنیں بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

پولیس نے شوہر شبیر کے خلاف دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔دریں اثناء تھانہ ائیر پورٹ کے حدود ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر میں نوجوان نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی،نوجوان کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی جوکہ سوات کا رہائشی تھا اور ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیکیورٹی سپروائزر کی ڈیوٹی پر تعینات تھا،نوجوان کی خود کشی کی وجہ تاحال سامنے نہ آسکی تاہم لاش پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔