خیبر، جمرود پولیس کی کار لفٹر گروہ کے خلاف کارروائی، پانچ ملزمان گرفتار

جمعرات 19 جون 2025 18:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) خیبر، جمرود پولیس نے کار لفٹر گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے چوری شدہ گاڑی، چار عدد پستول بمعہ کارتوس گاڑیوں کی فروخت سے حاصل شدہ رقم ایک لاکھ50 ہزار روپے برآمد کرلی ۔ مقدمہ نمبر 80 میں مدعی کی دعویداری پر جمرود پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا۔

ایس ایچ او جمرود نسیم خان، انچارج چوکی شہید زرمت خان اتحاد آفریدی اور تفتیشی سرکل افسران اعجاز خان و ظہور خان نے پیشہ ورانہ مہارت، ٹیم ورک اور جدید سائنسی طریقہ تفتیش بروئے کار لاتے ہوئے منظم کار لفٹر گروہ کا سراغ لگایا۔ جمرود پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران گروہ کے پانج کارندے محمد وسیم، محمد اعجاز، ساجد علی، محمد عامر اور عارف ساکنان باڑہ کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان سے چوری شدہ موٹرکار، اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ جمرود منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر رائے مظہر اقبال نے کامیاب کارروائی پر جمرود پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پولیس نہ صرف پیشہ ورانہ تربیت یافتہ فورس ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور عزم کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی کارروائیاں مستقبل میں بھی اسی جذبے سے جاری رہیں گی۔