پاکستان سپورٹس بورڈ، فیڈریشن انتخابات تنازعہ

جمعرات 19 جون 2025 22:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2025ء) پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فیڈریشن انتخابات کرانے کے فیصلے کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چارٹر کی خلاف اور داخلی معاملات میں براہِ راست مداخلت قرار دیتے ہوے معاملہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کیساتھ اٹھادیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اولمپک کونسل آف ایشیا سے منظور شدہ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اینڈ فٹنس فیڈریشن کے صدر طارق پرویز نے پی او اے کے صدر عارف سعید کو اپنے خط میں آگاہ کیا کہ پی ایس بی غیر قانونی طور پر پی بی بی ایف کے اندرونی انتخابی عمل پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پی او اے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور اولمپک موومنٹ کے اصولوں کے مطابق پی بی بی ایف کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔ فیڈریشن کے انتخابات جون 2022 میں اپنے منظور شدہ آئین کے تحت مکمل شفاف انداز میں انتخابات منعقد ہوچکے ہیں جس کی آئینی مدت جون 2026 تک ہے۔ انتخابات کرانے کا مکمل اختیار پی بی بی ایف کی جنرل کونسل کے پاس ہے، اور کسی بیرونی ادارے کو اس قانونی اختیار میں مداخلت کا حق حاصل نہیں۔