ایمرجنسی میں خصوصی افراد کی فوری مدد کیلئے سیف سٹی کا احسن اقدام

سماعت و گویائی سے محروم افراد اب سیف سٹی سے براہِ راست رابطہ کر سکیں گے سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں سائن لینگویج کی خصوصی 3روزہ تربیت مکمل

جمعرات 19 جون 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سماعت و گویائی سے محروم افراد کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی اور مثالی قدم اٹھایا ہے، اس مقصد کے تحت سیف سٹی ہیڈکوارٹرز لاہور میں سائن لینگویج کی تین روزہ خصوصی تربیت کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اس تربیت میں 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر اور ورچوئل بلڈ بینک سمیت دیگر اہم شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پولیس کمیونیکیشن افسران نے شرکت کی۔

سائن لینگویج کے ماہرین نے افسران کو خصوصی افراد سے مثر رابطے، شکایات کے درست ادراک اور بروقت کارروائی کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی۔ تربیت یافتہ افسران اب اشاروں کی زبان میں بات چیت کرکے ایمرجنسی کی صورت میں سماعت و گویائی سے محروم افراد کو بروقت رسپانس فراہم کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

یہ افراد اب ویڈیو کال، ویمن سیفٹی ایپ یا سیف سٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے براہِ راست رابطہ کر کے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ان شہریوں کے لیے ایک امید کی کرن ہے جو اکثر نظر انداز رہ جاتے ہیں۔ سیف سٹی کی یہ کاوش خصوصی افراد کے تحفظ، فوری داد رسی اور پولیس رسپانس کے دائرہ کار کو مزید مثر اور مربوط بنانے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقات کو بروقت اور یکساں تحفظ فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔