اسلام دشمن ظالم وجابر باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا حسینیت ہے،مرکزی رہنما سنی تحریک فہیم الدین شیخ

جمعرات 19 جون 2025 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء) مرکزی رہنما پاکستان سنی تحریک فہیم الدین شیخ نے کہا ہے کہ اسلام دشمن ظالم وجابر باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا حسینیت ہے،اسلام دشمن کفر کی طاقتیں اسلامی ممالک پر حملے اور اسلامی ریاستوں پر غاصبانہ قبضہ کرنا چاہتی ہیں،سیدنا عبداللہ شاہ غازی نے درس دیا ایمان تقوی سچائی اور قربانی وہ اصول ہیں جو انسان کو کامیاب بناتے ہیں،علم کا حصول ہر مسلمان اور مرد وعورت پر فرض ہے کیونکہ جہالت گمراہی کی طرف لیجاتی ہے،سیدنا عبداللہ شاہ غازی کی تعلیمات ہمیں اتحاد ویکجہتی اخوت وبھائی چارگی کو فروغ دینے کا درس دیتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدنا عبداللہ شاہ غازی کے عرس مبارک کے تیسرے روز مزار اقدس پر پھولوں کی چادر پوشی کے بعد وہاں موجود زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن غلام مرتضی قادری،کراچی نائب امیر محمد فرحان قادری ودیگر بھی موجود تھے،فہیم الدین شیخ نے کہا کہ سیدنا عبداللہ شاہ غازی نے پیغام دیا علم کو اپنا، سچ بولو، محبت پھیلا،ظلم سے لڑو، اپنے نفس کو قابو میں رکھویہی اسلام ہے،اسلام صرف عبادت کا نام نہیں بلکہ اخلاق، معاملات، اور معاشرتی انصاف بھی اس کا اہم حصہ ہیں،بھائی چارہ اور محبت کا پیغام لے کر اسلام آیا ہے، نفرت، تعصب، اور تکبر اسلام کی روح کے خلاف ہے اپنے دلوں کو اللہ کی یاد سے روشن کرو، اپنے کردار کو رسول اللہ ﷺ کے اخلاق سے مزین کرو، اور اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالو،پیغام عبداللہ شاہ غازی ہے کہ ظالم کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو اس کے خلاف پرچم حق بلند کرو کیونکہ جب حق آتا ہے تو باطل مٹ جاتا ہے۔