سگریٹ ہمارے مستقبل اور ہماری نسل کو دیمک کی طرح تباہ کر رہی ہے، حکومت کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہئے ، رومس بھٹی

سگریٹ فروخت کرنے والوں کو پابند کیا جائے کہ 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ نہ دیں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے

جمعرات 19 جون 2025 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء) ہیومینٹیرین آرگنائزیشن فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پاکستان اور الٹرنیٹو ریسرچ انیشیٹو (اے آر آئی) کے تعاون سے ''پاکستان کو سگریٹ سے پاک کرنا'' کرنے کے موضوع پر سیمینار سے اے آر آئی کی ممبر تنظیم کے کوآرڈنیٹر رومس بھٹی، پروفیسر اسماعیل کنبر، جعفر مہدی، جنید احمد، اسامہ وحید، ڈاکٹر سوجو مل میگھواڑ، سنیل کمار، عبدالغفور، ایاز گل، میڈم رافعہ بنگش و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا مقصد پائیدار ترقی، کمیونٹی پر مبنی تحقیق، اور تمباکو کے استعمال کے ارد گرد بڑھتے ہوئے خدشات، خاص طور پر نوجوانوں اور کمزور آبادیوں کے درمیان اہم مسائل کو حل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ سگریٹ ہمارے مستقبل اور ہماری نسل کو دیمک کی طرح تباہ کر رہی ہے، حکومت کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہئے اور ہمارے مستقبل کے نوجوانوں کو سگریٹ جیسی اس لعنت سے دور رکھنا ضروری ہے، آج کا نوجوان سگریٹ پینے کو فیشن اور فخر محسوس کرتا ہے اس کو پتہ نہیں کہ جس طرح سگریٹ کا دھواں سگریٹ کو کم کرتا ہے اسی طرح اس کی زندگی بھی کم ہوتی چلی جا رہی ہے سگریٹ پینے والے کیلئے ایک مثال ہے لیکن وہ اس کو سمجھنے سے قاصر ہے جس طرح سگریٹ کا دھواں ہوا میں تحلیل ہوتا ہے اسی طرح اس کی زندگی بھی سگریٹ اندر کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سگریٹ پینے سے کینسر ہی نہیں بلکہ بہت سی موذی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں جن میں پھپھڑوں کی ٹی بی، منہ کا کینسر ودیگر شامل ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سگریٹ فروخت کرنے والوں کو پابند کیا جائے کہ 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ نہ دیں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔